مہنگائی سے ستائی عوام کو حکومت نے ایک اور جھٹکا دے دیا۔ چینی کی سرکاری ریٹیل اور ایکس ملز قیمت میں 25 پیسے فی کلو اضافہ کر دیا جبکہ ریٹیل قیمت 89.50 سے بڑھا کر 89.75 روپے فی کلو کر دی گئی۔
وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی نے چینی کی نئی سرکاری قیمتوں کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جس کے بعد چینی کا ایکس ملز ریٹ 84.50 روپے سے بڑھا کر 84.75 روپے فی کلو مقرر کر دیا گیا ہے۔ سیلز ٹیکس سمیت چینی کا نیا ایکس ملز ریٹ 84.75 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق چینی کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل قیمت 89 روپے 75 پیسے فی کلو کر دی گئی ہے جبکہ چینی کی نئی سرکاری قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق چینی کی نئی قیمتیں 15 نومبر 2021ء تک نافذ العمل رہیں گی اور عملدرآمد کیلئے تمام صوبائی چیف سیکریٹریز اور کمشنر اسلام آباد کو بھی بھجوایا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق زائد قیمت پر چینی بیچنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی اور عمل درآمد نہ کرنے پر شوگر ملز، ڈیلرز، ڈسٹریبیوٹرز، ریٹیلرز کے خلاف کارروائی ہو گی۔
اس سے قبل حکومت نے 30 جولائی کو چینی کی ریٹیل اور ایکس ملز قیمت مقرر کی تھی، سیلز ٹیکس سمیت چینی کا ایکس ملز ریٹ 84.50 روپے فی کلو مقرر کیا گیا تھا، چینی کی سرکاری ریٹیل قیمت 89.50 روپے فی کلو مقرر کی گئی تھی۔