معروف اداکارہ و میزبان وینا ملک نے افغانستان میں طالبان کی حکومت کی حمایت کی ہے۔
حال ہی میں اداکارہ نے جرمن نشریاتی ادارے کی اردو سروس کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے خواتین کے لباس اور طالبان کی افغانستان پر حکومت سے متعلق بات چیت کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ طالبان نے افغانستان میں اپنی حکومت قائم کی ہے، افغانستان طالبان سے منسلک ہے، یہ ان کی ہی زمین اور جگہ ہے جس کیلئے انہوں نے طویل جنگ لڑی۔
میزبان نے وینا سے سوال کیا کہ آپ نے انسٹاگرام پر برقعہ میں ملبوس تصویر ڈالی ہے کہیں آپ کا ارادہ افغانستان جانے کا تو نہیں؟ اس پر اداکارہ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ میں قندھار جانا پسند کروں گی، مجھے اس جگہ سے محبت ہے۔
برقعہ سے متعلق انہوں نے کہا کہ عبایا 13 سال کی عمر سے میری زندگی کا حصہ ہے، اب بھی جب باہر جاتی ہوں تو برقعہ پہنتی ہوں، اس لیے نہیں کہ مجھ سے کسی نے زبردستی کی ہو یہ میرا اپنا ذاتی انتخاب ہے۔ برقعے میں خود کو محفوظ محسوس کرتی ہوں۔
افغانستان میں طالبان کی جانب سے ڈریس کوڈ وضع کرنے سے متعلق اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرے خیال سے وہاں کے لوگ اسے خوشی خوشی اپنائیں گے کیونکہ انہیں اپنی روایات کے بارے میں اچھی طرح پتہ ہے.