میٹرک کے امتحانات میں ناکامی، 4 بھارتی طلبہ نے خودکشی کرلی

بھارت میں 4 طلبہ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں فیل ہونے پر دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق خودکشی کے 4 مختلف واقعات ریاست آندھرا پردیش میں اس وقت پیش آئے جب کورونا وبا کی وجہ سے 3 سال بعد ہونے والے میٹرک کے امتحانات کے نتائج  کا پیر کے روز اعلان کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق میٹرک کے امتحانات میں ناکامی پرگزشتہ دو دنوں کے اندر ریاست کے 4 مختلف اضلاع میں 4 طلبہ نے اپنی جان لے لی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق خود کشی کے پہلے واقعے میں 16 سالہ لڑکے نے دریا میں چھلانگ لگائی جبکہ 15 سالہ لڑکی نے چھت کے پنکھے سے  لٹک کر اپنی جان لی۔

اس کے علاوہ ایک پیپر میں فیل ہونے پر 15 سالہ لڑکی نے کیڑے مار دوا کھاکر خودکشی کی جبکہ 2 پیپر میں ناکام ہونے پر 15 سالہ لڑکے نے چلتی ٹرین کے سامنے آکر جان دے دی۔

رپورٹس کے مطابق ریاست میں ہونے والے امتحانات میں صرف 67 فیصد طلبہ ہی اس سال پاس ہوئے۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ 20 سال کے دوران ریاست آندھرا پردیش میں طلبہ کے پاس ہونے کی یہ سب سے کم شرح ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں