پاکستانی کپتان بابر اعظم اور اوپننگ بیٹر امام الحق کی سنچریوں کی بدولت قومی ٹیم نے ون ڈے کرکٹ میں ریکارڈ ہدف حاصل کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے زیر کردیا۔ سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی جبکہ آخری میچ 2 اپریل کو کھیلا جائے گا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں قومی بیٹرز نے آسٹریلوی بولنگ لائن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
پہلے فخر زمان اور امام الحق، اس کے بعد امام الحق اور کپتان بابر اعظم نے سنچری پارٹنرشپس بنائیں۔
اس تاریخی فتح کو امام الحق اور بابر اعظم نے اپنی انفرادی سنچریوں کی بدولت یادگار بنایا اور دونوں نے بالترتیب 106 اور 114 رنز بنائے۔
اوپننگ بلے باز فخر زمان نے اس کامیابی میں 67 رنز کے ساتھ جبکہ محمد رضوان نے 23، خوشدل شاہ نے 27 اور افتخار احمد نے 11 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈالا۔
قومی ٹیم نے 349 رنز کا ہدف 49ویں اوور کی آخری گیند پر حاصل کیا۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ریکارڈ ساز اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
کینگروز کی جانب ایڈم زیمپا نے دو جبکہ نیتھن ایلس اور مارکس اسٹوئنس نے ایک ایک وکٹ لی۔
سے قبل آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنائے تھے۔
اس میچ میں بھی پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے کپتان ایرون فنچ کو تو صفر پر پویلین لوٹا دیا، لیکن دیگر کھلاڑیوں نے ٹیم کو ساڑھے تین سو کے قریب پہنچا دیا۔
گزشتہ میچ کے سنچورین ٹریوس ہیڈ اور بین میکڈرمٹ کے درمیان 162 رنز کی شراکت نے قومی بولرز کے چھکے چھڑا دیے۔
ہیڈ 89 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، لیکن اس مرتبہ بین میکڈرمٹ نے اپنی سنچری مکمل کی جو 104 رنز کی اننگز کھیل سکے۔
مہمان ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں مارنس لبوشین 59، مارکس اسٹوئنس 49 اور شان ایبٹ نے 28 رنز کے ساتھ ٹیم کے ٹوٹل میں اپنا حصہ ڈالا۔
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی 4 وکٹیں لے کر نمایاں رہے، دیگر بولرز میں محمد وسیم نے 2 جبکہ زاہد محمود اور خوشدل شاہ نے ایک ایک وکٹ لی۔