13 سالہ لڑکے نے آن لائن گیم کے چکر میں والدین کی کمائی ڈبو دی

بھارت میں 13 سالہ لڑکے نے آن لائن گیم کے چکر میں اپنے والدین کی کمائی لٹادی.

ساتویں جماعت کے طالب علم کے ہاتھ میں آن لائن پڑھائی کے لیے اس کی ماں کا موبائل آیا تو اس نے اس سے گیم کھیلنا شروع کردیا، تاہم کچھ عرصے میں اسے گیم کا نشہ ایسا لگا کہ اس نے اس چکر میں اپنے والدین کے پیسے ہی ڈبودیے۔

لڑکے نے آن لائن موبائل کھیلنے کے چکر میں نہ صرف اپنے والد کے پیسے چرائے بلکہ ماں کے اے ٹی ایم کارڈ سے بھی پیسے نکلوالیے، جس کے بعد وہ گھبراہٹ میں گھر چھوڑ کر چلاگیا۔

بھارتی طالب علم کا 35 سالہ باپ ایک پرنٹنگ کے کارخانے میں کام کرتا ہے، جسے اپنے بیٹے کی وجہ سے بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کیونکہ رقم کے ساتھ ساتھ اس کا بیٹا بھی غائب ہوچکا ہے۔

لڑکے کی فیملی میں اس کے چھوٹے بھائی سمیت چار لوگ رہتے ہیں، جس میں اپنا گھر چلانے کے لیے اس کی ماں کو بھی جاب کرنا پڑتی ہے اور ڈپارٹمنٹل اسٹور میں کام کرنے کی اسے 5 ہزار 853 روپے تنخواہ ملتی ہے۔

یہ واقعہ 20 روز قبل پیش آیا جب لڑکے کے والد کو اپنے گھر میں 5 ہزار روپے نہیں مل رہے تھے، اس نے معاملے کی تحقیقات کی تو پتا چلا کہ اس کے بیٹے نے آن لائن گیم کے چکر میں وہ رقم اڑا دی ہے اور لڑکے نے یہ رقم ایک دکان کے ذریعے کمپنی کو ٹرانسفر کی۔

معاملہ یہیں پر ختم نہیں ہوا، بلکہ لڑکے کی فیملی کو اس وقت ایک دھچکا لگا جب انہیں معلوم ہوا کہ اس کی والدہ کے اکاؤنٹ سے 5 ہزار 920 روپے کی رقم بھی غائب ہوگئی ہے، جس کے بعد اس کے باپ نے بیٹے سے پوچھا مگر لڑکے کی طرف سے تسلی بخش جواب نہ ملنے پر اس نے بینک جاکر معلوم کرنے کا فیصلہ کیا۔

دونوں میاں بیوی نے بینک پہنچ کر جب اپنے اکاؤنٹ کے بارے میں معلومات حاصل کیں تو انہیں پتا چلا کہ ان کے اکاؤنٹ سے یہ رقم آن لائن ٹرانسفر کی گئی ہے، تاہم جب وہ لوگ واپس اپنے گھر لوٹے تو ایک اور افسوس ناک خبر ان کی منتظر تھی، جہاں انہیں پتا چلا کہ ان کا بڑا بیٹا گھر چھوڑ کر جاچکا ہے اور اس نے اپنے چھوٹے بھائی کو بتایا کہ اس نے یہ رقم آن لائن گیم کے لیے استعمال کی ہے جس کی وجہ سے اس کے والدین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

بیٹے کے گھر چھوڑ کر جانے کے بعد اس کے والد نے نامعلوم شخص کے خلاف پولیس میں اپنے بیٹے کے اغوا اور گمشدگی کی رپورٹ درج کروادی جس کے بعد پولیس نے اس حوالے سے تحقیقات شروع کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں