یورپی ماحولیاتی ایجنسی نے انکشاف کیا ہے کہ اگرعالمی ادارہ صحت کی ہدایات پر عمل کیا جاتا تو یورپی یونین میں سن 2019 کے دوران قریب ضائع ہونے والی انسانی زندگیاں بچائی جا سکتی تھیں۔
یورپی ماحولیاتی ایجنسی نے اپنی نئی رپورٹ میں کہا ہے کہ فضائی آلودگی سے یورپی یونین میں سن 2019 کے دوران 3 لاکھ 7 ہزار سے زائد اموات ہوئیں اور ان میں سے کم از کم نصف افراد کو بے وقت کی موت سے بچایا جا سکتا تھا۔
رپورٹ میں یورپی یونین کے رکن ممالک کی فضا میں موجود مہلک ذرات کی تفصیلات بھی بیان کی گئی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہوا کے معیار کو باریک ذرات خاص طور پر نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ اور پھر زمینی سطح پر اوزون کی مقدار سے ناپا گیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سن 2018 کے مقابلے میں سن 2019 میں یورپی یونین کی فضائی آلودگی میں یقینی طور پر کمی ہوئی لیکن یہ تعداد بھی تشویش ناک ہے۔
خیال رہے کہ ڈبلیو ایچ او نے فضائی آلودگی سے متعلق اپنے نئے رہنما اصول رواں برس شائع کیے ہیں۔ یورپی ماحولیاتی ایجنسی کے مطابق اگر پہلے سے یہ رہنما اصول دستیاب ہوتے اور سن 2019 میں ان پر مناسب انداز میں عمل کیا جا سکتا تو کم از کم مجموعی ہلاکتوں میں سے نصف یعنی ایک لاکھ 78 ہزار کے قریب افراد کو بے وقت کی موت سے بچایا جا سکتا تھا.