گلگت: خراب موسمی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت راجہ ناصر علی خان نے سیاحت پر پابندی عائد کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر سیاحت برائے گلگت بلتستان نے کہا ہے کہ حالیہ لینڈ سلائڈنگ اور موسم کی خراب صورت حال کے پیش نظر تتہ پانی اور کراکرم ہائی وے کے کچھ حصے خطرناک حد تک متاثر ہیں جس کی وجہ سے اگلے ۴۸ گھنٹے کے لئے گلگت بلتستان میں سیاحوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔
اس سے قبل کمشنر دیامر استور ڈویژن نے بابوسرٹاپ اور تھور چیک پوسٹ پر تعینات افسران کو سیاحوں کو روکنے کا حکم جاری کیا تھا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بابوسر اور تتہ پانی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔ متعلقہ عملے کو ہدایت کی گئی کہ بابوسر ٹاپ اور تھور چیک پوسٹ کو تمام سیاحوں کے لیے مکمل بند کیا جائے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ افسران اور اہلکاروں کی خلاف کارروائی کی جائے گی۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ این ڈی ایم اے کی موسمی ایڈوائزری کے مطابق مستقبل کے لائحہ عمل طے کیے جائیں گے۔