گلوبل ہنگر انڈیکس: بھارت غربت میں پاکستان، بنگلہ دیش اور نیپال سے بھی نیچے

بھارت میں تیزی سے بڑھنے والی غربت نہ صرف خطرناک سطح کو چھونے لگی ہے بلکہ عالمی دنیا میں وہ پاکستان، بنگلہ دیش اور نیپال سے بھی نیچے چلا گیا ہے۔

گلوبل ہنگر انڈیکس (جی ایچ آئی) کے مطابق گزشتہ سال بھارت عالمی سطح پر غربت  کے حوالے سے 94 ویں نمبر پر تھا لیکن اب 101 ویں نمبر پہ آگیا ہے۔ اس لحاظ سے وہ نائیجیریا اور کانگو جیسے افریقی ممالک سے ہی آگے رہ گیا ہے۔

واضح رہے کہ گلوبل ہنگر انڈیکس صرف دنیا کے 116 ممالک کا ہی احاطہ کرتا ہے۔

عالمی انڈیکس کے مطابق پاکستان 92 ویں، بنگلہ دیش 76 ویں، سری لنکا 65 ویں اور نیپال 76 ویں نمبر پر ہے۔ اعداد و شمار کے اعتبار سے افغانستان، بھارت سے صرف دو درجے ہی نیچے ہے جب کہ وہ گزشتہ کئی دیہائیوں سے جنگ و جدل کا شکار ہے۔ افغانستان کا نمبر 103 واں ہے۔

جی ایچ آئی کے مطابق رواں سال چین، برازیل اور کویت سمیت 18 ممالک نمبر پانچ سے بھی کم اسکور کے ساتھ ٹاپ رینکنگ میں شامل ہیں۔ اس لحاظ سے کہا جا سکتا ہے کہ چین جو بھارت کا پڑوسی ہے، اس نے اپنے ملک میں غربت اور بھوک مٹانے میں اہم پیشرفت کی ہے اورانتہاپسند مودی کے دور حکومت میں بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق کانگریسی رہنما کپل سبل نے عالمی انڈیکس کا حوالہ دیتے ہوئے بی جے پی کے نامزد انتہا پسند وزیراعظم نریندر مودی پر بھپتی کستے ہوئے اپنے ٹوئٹ پیغام میں کہا ہے کہ مبارک ہو مودی جی! آپ نے غربت و بھوک کا خاتمہ کر دیا، بھارت کو عالمی طاقت بنا دیا، ملک کی معیشت کو ڈیجٹل کر دیا اور اس کے علاوہ بھی بہت کچھ کر دکھایا ہے۔

یاد رہے کہ مودی کے دور حکومت میں بھارت کے اندر صرف اقلیتوں کا بالعموم اور مسلمانوں کا بالخصوص جینا دوبھر کیا گیا ہے اور ان پر عرصہ حیات تنگ ہوا ہے۔

مشرق وسطیٰ میں مقیم لوگوں نے بھارتی مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے بہیمانہ ظلم و بربریت کو دیکھتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم زور و شور سے شروع کررکھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں