چند ہفتے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے اعلان کیا تھا کہ ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ اور نیوز ی لینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر گرانٹ بریڈ برن نےنجی مصروفیات کی وجہ سے عہدہ چھوڑ دیا ہے تاہم جنگ کی تحقیق کے مطابق ان سے چیئرمین رمیز راجہ نے استعفی مانگا تھا وہ از خود مستعفی نہیں ہوئے۔
15 اکتوبر کوپی سی بی نے میڈیا ریلیز میں دعو یٰ کیا تھا کہ گرانٹ بریڈ برن نے مکمل دلجمعی کے ساتھ پاکستان کرکٹ کی خدمت کی جب کہ گرانٹ بریڈ برن نے کہا تھا کہ میری اہلیہ اور تینوں بچوں نے بھی بہت قربانیاں دیں، اب فیملی کو ترجیح دینے اور نئے مواقع تلاش کرنے کا وقت ہے۔
خیال رہے کہ گرانٹ نے ستمبر 2018 سے جون 2020 تک قومی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے کام کیا، اس کے بعد انہوں نے ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ کا عہدہ سنبھالا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ہائی پرفارمنس سینٹر کی کارکردگی سے رمیز راجہ مطمئن نہیں ہیں، سابق انتظامیہ نے مختلف عہدوں پر من پسند لوگوں کا تقرر کیا۔
فیلڈنگ کوچ عتیق الزماں 2 ماہ سے مانچسٹر میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، بولنگ کوچ محمد زاہد استعفی دے کر انگلینڈ جا چکے ہیں، ثقلین مشتاق پاکستان ٹیم کے ساتھ منسلک ہیں جب کہ ڈائریکٹر ندیم خان نے نامساعد حالات کے باوجود قومی سیزن کامیابی سے کرایا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رمیز راجہ کئی کوچز کو فارغ کرکے ایچ پی سی کی تنظیم نو کرنا چاہتے ہیں۔