پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے سرکاری ٹی وی پر لائیو پروگرام کے دوران غلط رویہ رکھنے والے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز کی معافی قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اور اداروں کی عزت کیلئے ڈاکٹر نعمان نیاز کو معاف کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں ان کا کہنا تھا کہ لائیو پروگرام کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد استعفیٰ اس لئے دیا تاکہ آئندہ کسی سٹار کو ایسا نہ سننا پڑے جبکہ قوم اور اداروں کی عزت کے لیے ڈاکٹر نعمان کو معاف کر دیا ہے۔
شعیب اختر نے کہا کہ میں نے میزبان کو پورا موقع دیا کہ وہ معاملہ رفع دفع کرے لیکن انہوں نے معافی مانگی اور نہ ہی کوئی اور بات کی لہٰذا مجھے پھر پروگرام میں ایسا رویہ اختیار کرنا پڑا، میں سمجھتا ہوں قومی ٹی وی پر قومی سٹار کے ساتھ اس طرح کا سلوک نہیں کیا جا سکتا۔
Once & for all, clarifying what happened that day on PTV. pic.twitter.com/ultpoIyWIq
— Shoaib Akhtar (@shoaib100mph) November 4, 2021
واضح رہے کہ ڈاکٹر نعمان نیاز نے لائیو پروگرام کے دوران شعیب اختر کے ساتھ روا رکھے گئے سلوک پر معافی مانگ لی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پروگرام میں آن ائیر مجھ سے جو ہوا اس پر آنے والا ردعمل بالکل جائز تھا اور مجھے کوئی حق نہیں پہنچتا کہ آن ائیر یہ سب کچھ کرتا، غلطی میری تھی پروگرام کے بعد والد نے کہا کہ مجھے تم سے یہ توقع نہیں تھی، تم نے غلطی کی، اس وقت شعیب اختر سٹار اور میں صرف میزبان تھا مجھے معاملہ سنبھالنا چاہئے تھا۔
ڈاکٹر نعمان نیاز نے کہا کہ لائیو پروگرام کے دوران جو غلطی میں نے کی اس پر ایک بار نہیں بلکہ ہزاروں بار معافی مانگتا ہوں، شعیب اختر سٹار ہیں اور مجھے ان کی کرکٹ سے محبت ہے، جو کچھ ہوا، وہ نہیں ہونا چاہئے تھا لیکن اب میں خمیازہ بھگت رہا ہوں اور ہر طرح کا خمیازہ بھگتنے کو تیار ہوں۔
خیال رہے کہ سرکاری ٹی وی پر جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کے شو میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین میچ پر گفتگو کی جارہی تھی اور پینل میں ویسٹ انڈین لیجنڈ ویو رچرڈز، ڈیوڈ گاور، عاقب جاوید، راشد لطیف ، عمر گل ، اظہر محمود اور سپر سٹار شعیب اختر شامل تھے۔
شعیب اختر نے میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے حارث رؤف کا ذکر کرتے ہوئے لاہور قلندرز کی تعریف کی اور کہا کہ یہ نوجوان باؤلر لاہور قلندرز کے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کی پیداوار ہے جس پر پروگرام کے میزبان پہلے تو یہ کہہ کر حارث کا ذکر گول کرنے لگے کہ شاہین آفریدی انڈر 19 سے آیا۔
بعدازاں انہوں نے ناشائستہ انداز اپناتے ہوئے شعیب اختر جیسے سپر سٹار کو لائیو شو کے دوران ہی پروگرام سے چلے جانے کا کہہ دیا جس کے بعد شعیب اختر نے لائیو پروگرام کے دوران ہی چینل سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا اور شو سے اٹھ کر چلے گئے۔