کورونا ایس او پیز : نئی پابندیاں عائد ، محکمہ داخلہ کا حکم نامہ جاری کردیا

عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے ایس او پیز پر عمل درآمد کے حوالے سے حکومت سندھ کے محکمہ داخلہ نے حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے تحت نئی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

صوبائی محکمہ داخلہ کے جاری کردہ حکم نامے کے تحت کراچی ، سکھر اور سانگھڑ ڈویژنوں میں انڈور500 اور آوٹ ڈور ایک ہزارافراد کی اجازت ہوگی۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے ملک میں پہلے کیس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ متاثرہ مریضہ کراچی میں ہیں اور ان کے متعلق بتایا گیا ہے کہ وہ صحتیاب بھی ہو چکی ہیں۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے تحت سی کیٹگری میں شامل دیگر اضلاع میں اجتماعات میں انڈور300 اورآوٹ ڈورایک ہزارافراد کی اجازت ہوگی۔

جاری کردہ حکم نامے کے تحت بی کیٹگری میں انڈورڈائننگ میں 70 فیصد گنجائش کے ساتھ اجازت ہوگی جب کہ دیگراضلاع میں50 فیصد گنجائش کے ساتھ اجازت دی گئی ہے۔

صوبائی محکمہ داخلہ نے اپنے حکم نامے میں واضح کیا ہے کہ آوٹ ڈورڈائننگ کی اجازت رات 12 بجے تک ہو گی جب کہ بی کیٹگری میں شامل اضلاع میں شادیوں کی انڈوراجازت 500 افراد کی ہو گی، آوٹ ڈورایک ہزار افراد شریک ہو سکیں گے۔

حکومت سندھ کے محکمہ داخلہ نے کہا ہے کہ کاروباری اوقات رات 10 بجے تک رہیں گے جب کہ تمام تعلیمی ادارے بدستور 100 فیصد حاضری کے ساتھ کھلے رہیں گے۔

صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق 12سال یا اس سے زائد عمر کے طلبا وطالبات کو کورونا ویکسین لگوانا ہو گی۔ مزارات ویکسینیٹڈ افراد کے لیے کھلے رہیں گے۔

صوبائی محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ نئے حکم نامے کا اطلاق 30 دسمبر تک نافذ العمل ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں