این سی او سی نے کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کے حوالے سے نئی گائیڈ لائنز جاری کردی ہیں۔
منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے بتایا کہ یکم ستمبر سے17سال سے زائد عمر کے نوجوانوں کیلئے ویکسی نیشن شروع کررہےہیں، 17سال سے زائد عمر کے طلباء15ستمبر تک ویکسی نیشن کی ایک ڈوز لگوائیں اور15اکتوبر تک طلباء دونوں ڈوز لگوالیں۔
اسد عمر نے بتایا کہ 31 اگست کے بعد اسکول وینز کے ڈارئیورز کیلئے ویکسی نیشن لازمی ہوگی۔اس کے علاوہ 30 ستمبر سے اندرون ملک اور بیرون ملک سفر کرنے والوں کی ویکسی نیشن لازمی ہوگی جبکہ 15 اکتوبر سے ٹرانسپورٹ میں سفرکرنےوالوں کیلئےویکسی نیشن لازمی ہوگی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہوٹل، گیسٹ ہاؤسز اور شادی ہالز میں آنے والوں کیلئے30ستمبر سے ویکسی نیشن لازمی ہوگی،وباء کی وجہ سے جو بندشیں لگائی جارہی ہیں وہ عوامی مفاد میں ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ اگر فیصلہ ہوگیا تو یکم اکتوبر 2021 سے بوسٹر شوٹ لگایا جائے گا۔ انھوں نے ہدایت کی کہ والدین بھی کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوائیں۔ معاون خصوصی نے خبردار کیا کہ فیک کرونا سرٹیفکیٹ بنانے اور بنوانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
منگل کو این سی او سی نے بتایا کہ 24گھنٹوں میں 4 ہزار 75 نئے کرونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 6.79 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
کرونا کے باعث سب سے زیادہ پنجاب میں 48، خیبرپختونخوا میں 22 اموات ہوئیں۔ سندھ میں 15،بلوچستان میں 1 اورآزاد کشمیر 5 مریضوں کا انتقال ہوا۔کرونا سے مجموعی اموات کی تعداد 25 ہزار94 ہوگئی ہے۔
وزارت صحت نے گذشتہ روز بتایا تھا کہ حاملہ خواتین موڈرنا، سائنوفارم، سائنو ویک، کینسائینو ویکسین لگوا سکتی ہیں۔ حاملہ خواتین ڈاکٹرز کے مشورے سے یہ ویکسین لگوائیں اورڈاکٹرز مریضہ کی حالت دیکھ کر فیصلہ کریں اور سب کو منع نہیں کریں