وم دفاع پاکستان کے حوالے سے پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے تعاون اور سندھ سیپاک ٹاکرا ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام نارتھ کراچی جیمخانہ پر یوم دفاع سیپاک ٹاکرا چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا جسے کراچی گرین نے کراچی بلوز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 21-18 ،17-21 اور 21-16 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا جبکہ خواتین کے مقابلے میں بھی کراچی گرین نے کراچی بلوز کو 21-16 اور 21-14 سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر نسیم قریشی تھے جبکہ سندھ کراٹے ایسوسی ایشن کے نائب صدر عبدالحمید اور سیکرٹری عبد الرحیم مہمان اعزازی تھے۔اس موقع پر سندھ سیپاک ٹاکرا ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر محمد عارف حفیظ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ Covid-19 کی وجہ سے جہاں بہت سے دوسرے مسائل پیدا ہوئے ہیں وہیں کھیلوں کے انعقاد میں بھی بہت مشکلات پیش آ رہی ہیں لیکن سندھ سیپاک ٹاکرا ایسوسی ایشن ہر اہم موقع پر تمام مشکلات کے باوجود ایونٹس منعقد کررہی ہے اور کھلاڑیوں کو بھرپور مواقع فراہم کررہی ہے۔
پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکریٹری نوشاد احمد خان نے کہا کہ ہمارا مکمل تعاون آپ کے ساتھ ہے بہت جلد انٹرنیشنل چیمپئن شپ منعقد ہونے والی ہے جس میں پاکستان کی ٹیم بھرپور انداز میں شرکت کرے گی اور پاکستان کا نام روشن کرے گی۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی نسیم قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہورہی ہے کہ اس مشکل وقت میں بھی سیپاک ٹاکرا چیمپئن شپ کا انعقاد ہورہا ہے میں منتظمین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ سندھ سیپاک ٹاکرا ایسوسی ایشن کے صدر شبیر احمد نے کہا کہ میں تمام کھلاڑیوں، آفیشلز، مہمان خصوصی اور دیگر مہمانان گرامی کا انکی آمد اور ٹورنامنٹ کو کامیابی سے ہم کنار کر نے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔اس موقع پر عبدالر حیم، عبدالحق، ریحانہ آصف اور شہروز علوی نے بھی خطاب کیا۔