کراچی کے علاقے کلفٹن میں سمندر کے کنارے ریت میں دھنسے بڑے کارگو بحری جہاز کو ڈیڑھ ماہ کی کوششوں کے بعد بالآخر آج صبح نکال لیا گیا ہے، جہاز اب کھلے سمندر میں موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق گڈانی شپ بریکنگ کی ایان شپ بریکنگ کمپنی کے عملے نے جہاز کو نکالنے میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
کمپنی ذرائع کے مطابق آج بھی ٹگ ماسٹر سے ہی شپ کو نکالا گیا ہے مگر روپ دوسری طرح کا استعمال کیا گیا۔
پانامہ میں رجسٹرڈ ’’ہینگ ٹونگ77‘‘ 20 اور 21 جولائی کی رات کراچی بندرگاہ پر جانے کے دوران اینکر ٹوٹ جانے کی وجہ سے کلفٹن کے قریب سمندر کنارے ریت میں دھنس گیا تھا۔
جہاز کو نکالنے کے لیے دو درجن سے زائد کوششیں کی گئیں تاہم ایان شپ بریکنگ کمپنی ذرائع کے مطابق آج کی کوشش کامیاب ثابت ہوئی ہے۔
گزشتہ ماہ جہاز نکالنے کی ایک کوشش میں جہاز پہلے مقام سے ایک کلومیٹر دور ساحل پر دوبارہ پھنس گیا تھا۔
اس صورتحال پر جہاز کے کیپٹن نے سی میکس کمپنی اور کمپنی نے جہاز کیپٹن کو آپریشن ناکام ہونے کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔