کراچی پولیس نے یوم آزادی کے موقع پر تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنادیا۔
کراچی کی ملیر ڈسٹرکٹ پولیس نے وفاقی انٹیلی جنس ایجنسی کے ہمراہ گلشنِ حدید کے علاقے جوکھیو گوٹھ میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کر کے یوم آزادی کے موقع پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ملیر عرفان بہادر کے مطابق کراچی میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کی خفیہ اطلاع پر وفاقی انٹیلی جنس ایجنسی اور ملیر پولیس نے اسٹیل ٹاؤن تھانے کی حدود گلشن حدید سمار جوکھیو گوٹھ میں کارروائی کرکے 2 ملزمان اکرام چانڈیو اور شیراز سومرو کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے قبضے سے دو دستی بم برآمد ہوئے۔
پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران ملزمان نے کراچی میں یوم آزادی کے موقع پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان کا تعلق سندھ کی ویژن آرمی نامی ملک دشمن تنظیم سے ہے۔