ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر شہریوں کو سخت فیصلوں سے خبردار کردیا۔
ایک بیان میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ دو ہفتوں میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جس کے ڈیٹا کا جائزہ لے رہےہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت حالات کا جائزہ لے رہی ہے، شہری ویکسی نیشن کرائیں اور ایس او پیز پر عمل کریں، اگر شہری چاہتے ہیں کہ سخت فیصلے نہ ہوں تو حکومت کا ساتھ دیں اور مدد کرنا چاہیے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ اگر اسپتالوں پر کورونا مریضوں کادباؤ نہ رہا تو صورتحال ایسی ہی نارمل رہ سکتی ہے البتہ حکومت زمینی حقائق کو دیکھتے ہوئے فیصلے کرےگی۔
دوسری جانب صوبائی محکمہ صحت کا بتانا ہےکہ کراچی میں ایک ہفتے میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.96 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ سندھ کے دیگر اضلاع میں ایک ہفتے میں مثبت کیسز کی شرح 1.21 فیصد ریکارڈ کی گئی، اس دوران 8 افراد کورونا سے انتقال کرگئے۔