پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ کراچی میں چوری ڈکیتی اور جرائم میں ہوشربا اضافہ تشویشناک ہے۔ شہر میں 8 ماہ کے دوران 4 ارب سے زائد مالیت کی گاڑیاں شہریوں سے چھینی، چوری کی گئیں ہیں۔
موصول شدہ اعدادوشمار سندھ حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ کے لئے کرونا وائرس سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔ علمیہ یہ ہے کہ سندھ حکومت کے پاس کوئی ایسا قابل شخص نہیں جسے وزیر داخلہ لگا سکیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے محکمہ داخلہ کو بھی دیگر اداروں کی طرح تباہ کردیا ہے۔ پولیس کے محکمے میں سیاسی مداخلت نے محکمے کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔
سندھ میں لاقانونیت بڑھتی جارہی ہے۔ چور، ڈکیت اور بد امنی پھیلانے والے عناصر شہر میں بے لگام گھوم رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت اور جرائم پیشہ عناصر کا گٹھ جوڑ عوام کیلئے وبال جان بن چکا ہے۔ کراچی میں شہریوں کی زندگیاں جان ومال محفوظ نہیں ہے۔ شہری خود کو اپنے گھروں میں بھی محفوظ نہیں سمجھتے۔سندھ کے حالات بد سے بد تر ہوتے جارہے ہیں۔ سندھ حکومت عوامی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے وفاق کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ خرم شیر زمان نے مزیدکہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر سندھ میں گورنر راج وقت کی ضرورت ہے۔کراچی میں امن برقرار رکھنا سندھ حکومت کے بس میں نہیں ہے۔