معروف گلوکار استاد فتح علی خان کراچی نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں، کوئی وزیر اب تک ملنے ہی نہیں گیا۔
استاد فتح علی خان کے بیٹے تصور علی خان نے اس حوالے سےنجی ٹی وی سے گفتگو کی۔
تصور نے بتایا کہ والد کی طبیعت ریڑھ کی ہڈی اور مہروں کے آپریشن کے بعد زیادہ بگڑی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوران علاج دو بار دل کا دورہ پڑا، انہیں آئی سی یو سے ایچ ڈی یو میں منتقل کردیا گیا۔ برین ایم آر آئی اور دل کی رپورٹ آنے کا انتظار ہے۔
استاد فتح علی خان کے بیٹے نے یہ بھی کہا کہ والد کو وینٹی لیٹر سے ہٹادیا گیا ہے، ڈاکٹروں کے مطابق حالت میں بہتری آرہی ہے، ہم یہاں کے علاج سے مطمئن ہیں باہر نہیں جانا۔
تصور نے شکوہ کیا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل مدد فراہم نہیں کی گئی، وفاقی و صوبائی وزراء میں سے کوئی ملنے نہیں آیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پرائیڈ آف پرفارمنس والے آرٹسٹ کے ساتھ ایسا سلوک نہیں ہونا چاہیے۔