ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد میمن کو انٹرنیشنل پولیس آرگنائزیشن پاکستان سیکشن کا صدر مقرر کر دیا گیا ہے۔
انٹرنیشنل پولیس آرگنائزیشن پاکستان سیکشن کے صدر کی تقرری کا فیصلہ اٹلی کے شہر میلان میں منعقد ہونے والے آ ئی پی او کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا۔
ڈی آئی جی مقصود احمد محکمہ پولیس میں اپنی 20 سالہ سروس کے دوران اہم عہدوں پر خدمات سر انجام دے چکے ہیں، وہ اسپیشل سکیورٹی یونٹ(جو کہ ایک اعلیٰ معیار کی پولیس فورس ہے) کے بانی بھی ہیں۔
ایس ایس یو پاکستان کا واحد آئی ایس او سرٹیفائیڈ یونٹ اور پاکستان کی پہلی اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹس ٹیم (S.W.A.T) کا حامل ادارہ ہے جو شہری علاقوں میں دہشتگردی کے خلاف مؤ ثر کردار ادا کر رہا ہے۔
ڈی آئی جی مقصود احمد میمن نے انٹر نیشنل پولیس آرگنائزیشن کی پاکستان میں نمائندگی کو اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئی پی او کا بنیادی مقصد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت میں پیشہ ورانہ اور مؤثر انداز میں اضافہ کرنا اور جرائم کے خلاف جنگ میں مدد فراہم کرنا ہے۔
مقصوداحمد میمن کے مطابق آئی پی او کا بنیادی کام متعلقہ اداروں کے تعاون سے مختلف تربیتی پروگرام کا انعقاد کرنا ہے تاکہ قزاقی، دہشتگردی اور دیگر تمام اقسام کی غیر قانونی اسمگلنگ کی بیخ کنی کی جا سکے اور شہریوں کو انصاف کے حصول میں معاونت اور رسائی حاصل ہو۔
آئی پی او تنظیم کی رکنیت حاصل کریں: مقصود احمد کی پولیس افسران کو تاکید
انھوں نے کہا کہ آئی پی او عالمی سطح پر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر تنظیموں جیسے این سی اے یو کے، سی آئی اے، ایف بی آئی، یو این پول اور ڈبلیو ایچ او کے ساتھ معلومات کے تبادلے اور باہمی تعاون کے لیے منسلک ہے۔
ڈی آئی جی مقصود احمد میمن نے کہا کہ وہ اور ان کی فورس اس بین الاقوامی پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے ملک سے جرائم کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔
مقصود احمد میمن نے پاکستان کے پولیس افسران اور ملازمین کو تاکید کی کہ وہ بھی آئی پی او کی رکنیت حاصل کریں تاکہ وہ دنیا کے مختلف ممالک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بین الاقوامی نیٹ ورک کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے مواقع حاصل کر سکیں۔