انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام تک ڈالر کی قیمت ایک مرتبہ پھر سے ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے جبکہ سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھنے میں آ رہی ہے ، ایک ہزار سے زائد پوائنٹس گرنے پر کاروبار کو عارضی طور روک دیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قیمت میں 51 پیسے اضافہ ہواہے جس کے بعد ڈالر انٹر بینک کی تاریخ کی بلند ترین سطح 170.48 روپے پر پہنچ گیاہے جبکہ جب آج کاروبار کا آغاز ہوا تو ڈالر 169.97 روپے پر تھا ۔
دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں آج شدید مندی نے کاروباری افراد کے ہوش اڑا کر رکھ دیئے ہیں ، ایک طرف ڈالر کی پرواز جاری ہے تودوسری طرف سٹاک مارکیٹ نیچے گرتی جارہی ہے ، کاروبار شروع ہوا تو 100 انڈیکس 45 ہزار 274 پوائنٹس پر تھا جس میں کچھ دیر کے بعد اضافہ ہوااور مارکیٹ 45 ہزار 342 پر آ گیا لیکن یہ تیزی یونہی جاری نہ رہ سکی اور گراوٹ کا سامنا ہو گیا۔ 100 انڈیکس میں اس وقت تک 1119 پوائنٹس کی کمی ہو چکی ہے جس پر مارکیٹ میں کاروبار عارضی طور پر معطل کر دیا گیاہے ، انڈیکس 44 ہزار 155 پوائنٹس کی سطح پر آ گیاہے ۔