ذرائع کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں خطے میں امن، خوشحالی اور ترقی کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا، چینی سفیر نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
چینی سفیر نے کہا کہ چین پاکستان کو اس ہفتے ویکسین کی 60 لاکھ خوراکیں فراہم کرے گا، سال کے آخر تک 10 کروڑ ویکسین کی خوراکیں پاکستان کو فراہم کی جائیں گی۔
نونگ رونگ نے کہا کہ چین دو طرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے، چین کے تجربات پاکستان کی خوشحالی میں معاون ثابت ہوں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اسٹریٹجک تعاون شراکت داری تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گی، دونوں ممالک ہر طرح کے حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے قومی مفاد کے بنیادی امور پر چین کی حمایت کرتا ہے، صدر مملکت نے جموں و کشمیر تنازع، ایف اے ٹی ایف پر چین کی حمایت کو سراہا۔
عارف علوی نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے پر عزم ہیں، دشمن عناصر سی پیک منصوبے سے خوش نہیں، دشمن عناصر سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
صدر مملکت نے داسو واقعے پر چینی شہریوں کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ چینی شہریوں کی حفاظت پاکستان کی اولین ترجیح ہے، حکومت پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے اقدامات کررہی ہے۔