پاک بحریہ کیلئے چین میں تیار کیے جانے والے پہلے 054 ایلفا فریگیٹ پی این ایس طغرل نے پاک بحریہ میں شمولیت اختیار کرلی۔
ترجمان پاک بحریہ نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا پی این ایس طغرل کی کمشننگ تقریب ہڈونگ ژونگوا شپ یارڈ چائنہ میں منعقد ہوئی جس میں چین میں پاکستان کے سفیر جناب معین الحق تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پی این ایس طغرل مہلک جنگی ہتھیاروں اور جدید آلات سے لیس ہے، یہ جہاز سطح آب، زیرِ آب اور فضا میں اپنے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے.
اس موقع پر چین میں تعینات پاکستان کے سفیر جناب معین الحق کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کے بیڑے میں اس جہاز کی شمولیت سے خطے میں امن و استحکام کی کاوشوں میں مزید بہتری آئے گی، جدید سامان حرب سے لیس جہاز کی تیاری پاک چین دوستی کا نیا باب ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ اس طرز کے مزید تین جہاز تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں جو عنقریب پاک بحریہ میں شامل ہوں گے۔