کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ حکومت نے ایک ماہ کے اندر پیٹرول کی قیمت میں دس روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔ پاکستان مزید مہنگائی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
تفصیلات کے مطابق پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ غریب عوام کی مشکلات سے بے خبر حکومت نے ایک بار پھر اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے پیٹرول کا سہارا لیا۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے سے مہنگائی مزید بڑھے گی، پاکستان مزید مہنگائی کا متحمل نہیں ہوسکتا ، سلیکٹڈ حکومت کی نااہلی اور ناکامیاں ملک کے آگے بڑھنے میں رکاوٹ بن چکی ہیں ، سلیکٹڈ وزیراعظم سے ملک نہیں چل رہا، جو فقط جھوٹ بولنے اور سیاسی انتقام کے علاوہ کچھ نہیں جانتا۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ خان صاحب! عوام پر رحم کرو، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لو اور ٹیکسز کم کرو ، پی پی پی کی سابقہ حکومت نے مشکل ترین حالات کے باوجود پیٹرول کی قیمتوں کو مستحکم رکھا۔