پی سی بی نے ایوارڈ جیتنے والے کرکٹرز کے ناموں کا اعلان کر دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رواں سال مختلف کیٹگریز میں پی سی بی ایوارڈ جیتنے والوں کرکٹرز کے نام کا اعلان کر دیا۔

محمد رضوان سال کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ہیں، انہیں ’موسٹ ویلیو ایبل کرکٹر آف دی ائیر‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

رواں سال متاثر کن کارکردگی کا ایوارڈ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے جیت لیا۔

فاسٹ باؤلر کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف 31 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کرنے پر ایوارڈ دیا گیا۔

اس ضمن میں انہوں نے کہا کہ ایوارڈ جیتنے پر بہت خوش ہوں، پاکستان کیلئے عمدہ پرفارمنس کی سوچ لے کر میدان میں اترتا ہوں، ٹی 20 ورلڈ کپ کا یہ باؤلنگ اسپیل ہمیشہ یادگار رہے گا۔

ون ڈے میں کرکٹر آف دا ایئر کا ایوارڈ کپتان بابر اعظم کے نام رہا جنہوں نے 2021 میں 6 ون ڈے کھیل کر 405 رنز بنائے۔

ایمرجنگ پلیئر آف 2021 کا ایوارڈ محمد وسیم جونیئر نے جیتا۔ محمد وسیم نے کہا کہ ٹیم میں بطور آل راؤنڈر بہترین پرفارم کرنے کی کوشش کروں گا۔

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی  2021 میں 41 وکٹیں لے کر ٹیسٹ کرکٹر آف دا ایئر قرار پائے ہیں جب کہ ٹی20 کرکٹر آف 2021 کا ایوارڈ محمد رضوان نے جیت لیا۔

ویمن کرکٹر آف دا ایئر کا ایوارڈ ندا ڈار کے نام رہا۔ ندا ڈار نے 2021 میں 10 ون ڈے میچز کھیل کر 363 رنز بنائے۔ ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ صاحبزادہ فرحان نے جیتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں