لاہور: پی سی بی نے پی ایس ایل 7 کی مڈ سیزن ٹریڈ ونڈو کھول دی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 7 کی مڈ سیزن ٹریڈ ونڈو کو کھول دیا ہے جس میں ایسے کھلاڑیوں کو ٹریڈ کی اجازت ہوگی جنہوں نے اب تک کسی میچ میں شرکت نہیں کی۔
HBL PSL 7 mid-season trade window opened
Details here: https://t.co/UUt5KFHqPt#HBLPSL7
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) February 8, 2022
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 7 کا دوسرا مرحلہ 10 فروری سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا جبکہ یہ ونڈو 9 فروری 2022 کی شام 6:30 بجے تک کھلی رہے گی۔
دونوں ٹیموں اور مذکورہ کھلاڑی کا ممکنہ ٹریڈ سے متفق ہونا لازمی ہوگا جبکہ ٹریڈ کے لیے صرف ایک جیسی کٹیگری کے حامل کھلاڑیوں کا ہی تبادلہ ممکن ہوگا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ ہر ٹیم کو زیادہ سے زیادہ سے صرف دو ٹریڈز کرنے کی ہی اجازت ہوگی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 7 کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے جس کے میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے جبکہ ایونٹ میں اب تک ملتان سلطانز سب سے زیادہ میچز جیت کر سرفہرست ہے۔
ایونٹ کا دوسرا مرحلہ 10 فروری سے 27 فروری کے دوران لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ اس حوالے سے سیکیورٹی انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے ہیں۔
دوسری جانب لاہور میں ہونے والے پی ایس ایل 7 کے میچز دیکھنے آنے والے شائقین کو قذافی اسٹیڈیم میں فری ماسک فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان اور چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں پی ایس ایل میچز کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
کمشنر لاہور اور پی سی بی حکام کے درمیان پی ایس ایل میچز کے دوران منتظمین و شائقین کو کووڈ ماسک فراہم کرنے کیلئے ایم او یو پر بھی دستخط کیے گئے ہیں.
کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا تھا کہ لاہور ویئرز ماسک مہم کے تحت پی سی بی کو 1 لاکھ ماسک فراہم کیے جائیں گے جبکہ شائقین کے لیے پی سی بی کو 2 لاکھ ماسک آج فراہم کردیں گے اور 20 لاکھ ماسک کل فراہم کریں گے۔