پی ایس ایل 7: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں محمد نواز کی جگہ حسن خان اسکواڈ میں شامل

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جمعہ کو ایک بیان کی تصدیق کی گئی کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسپنر محمد نواز کی جگہ حسن خان کو ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز محمد نواز کو نیویکولر بون نان ڈسپلیسڈ فریکچر ہوا جس کے بعد وہ ایونٹ سے باہر ہوگئے تھے۔

نواز کا باہر جانا گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کے لیے بہت بڑا دھچکا ہے، جو اس وقت پانچ میچوں میں چار پوائنٹس کے ساتھ پی ایس ایل 2022 پوائنٹس ٹیبل کے چوتھے نمبر پر ہے۔

یاد رہے کہ لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد نواز نے اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا تھا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کا اہم رکن تصور کیے جانے والے آل راؤنڈر محمد نواز کی انجری گلیڈی ایٹرز کو ایونٹ میں پہنچنے والا دوسرا بڑا نقصان ہے۔

اس سے قبل فاسٹ باؤلر محمد حسنین باؤلنگ ایکشن غیر قانونی قرار دیے جانے کے سبب ایونٹ سے باہر ہوگئے تھے کیونکہ پی سی بی نے نوجوان کرکٹر کے بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پر پابندی لگادی ہے۔

لیگ میں اب تک کھیلے گئے پانچ میچوں میں سے گلیڈی ایٹرز کو تین میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ دو میچوں میں فتح کی بدولت ان کے چار پوائنٹس ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں