پی ایس ایل 7: پشاور زلمی کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 207 رنز کا ہدف

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے 24ویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 207 رنز کا ہدف دے دیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 

مستقبل کپتان شاداب خان کی غیر موجودگی میں میدان میں اترنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولرز کی پشاور زلمی کے بیٹرز نے درگت بنادی۔ 

پہلے نوجوان محمد حارث نے 32 گیندوں پر 70 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اس کے بعد شعیب ملک کے 38 اور یاسر خان کے 35 رنز کے ساتھ دیگر بلے بازوں کی کوششوں سے پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 206 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے تجربہ کار فہیم اشرف 3 وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے جبکہ ان کے علاوہ وقاص مقصود نے 2 اور لیام ڈاسن، مرچنگ ڈی لینگے، ظاہر خان نے ایک ایک وکٹ لی۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ 175 پلس اسکور کر کے حریف ٹیم کو دباؤ میں لائیں گے۔

شاداب کی غیر موجودگی میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کرنے والے آصف علی نے کہا کہ ٹیم میں پانچ تبدیلیاں کی ہیں، کچھ کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی پرفارم کر کے آئیں گے، پی ایس ایل میں اچھا موقع ہے۔

اپنے بارے میں آصف علی کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑی تو بولنگ بھی کروں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں