کراچی: پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ اگر کورونا زیادہ پھیلا تو پی ایس ایل 7 کو موخر کردیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان تاثیر کا لیگ کی آفیشل لائیو اسٹریمنگ پارٹنر کے ساتھ معاہدے کی تقریب کے موقع پر کہنا تھا کہ کورونا دنیا بھر میں اثر انداز ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جتنی تیاری کرسکتے تھے وہ ہم نے کرلی ہے لیکن اگر پھر بھی کورونا زیادہ پھیلنے لگا تو لیگ کو ملتوی کردیا جائے گا اور ایک ہفتے کے وقفے کے بعد دوبارہ ایونٹ کا انعقاد ممکن بنایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری کوشش ہے کہ پی ایس ایل جاری رکھیں، کھلاڑیوں اور پروڈکشن کریو سمیت اسٹاف کا بیک اپ موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاکستانی کھلاڑی اسٹارز ہیں، کھلاڑیوں کو چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے لاہور لے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 7 میں کورونا سے کھلاڑی اور ان کے اہل خانہ سمیت گراؤنڈ اسٹاف بھی کورونا سے متاثر ہورہے ہیں جبکہ پی ایس ایل کے سربراہ اور ان کی اہلیہ بھی کورونا سے متاثر ہونے کے بعد 10 روزہ قرنطینہ میں موجود ہیں۔
پی ایس ایل کے سینئر افسر عون زیدی بھی کورونا سے متاثر ہونے کے بعد قرنطینہ میں چلے گئے ہیں جبکہ سرفراز احمد کی والدہ اور اہلیہ بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوگئی ہیں۔
علاوہ ازیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پانچ غیر ملکی کھلاڑی بھی کورونا سے متاثر ہونے کے بعد آئسولیشن میں ہیں جبکہ پی ایس ایل انتظامیہ نے کھلاڑیوں کے لئے ہوٹل میں ہی ببل بنانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب پاکستان سپر لیگ کی انتظامیہ نے کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی شرح کے بعد اعلان کیا ہے کہ اب فرنچائز ٹیم کے 20 میں سے 12 کھلاڑیوں کے ساتھ بھی میچ شروع کرسکتی ہیں۔
پہلی بار گراؤنڈ اسٹاف کو بھی گھر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، گراؤنڈ اسٹاف کو بھی کراچی کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں قائم ببل میں رہنا ہوگا۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل 7 کے میچز کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے جبکہ ایونٹ کا آغاز 27 جنوری سے کراچی کئنیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔