پی ایس ایل 7: دلچسپ مقابلے کے بعد پشاور نے اسلام آباد کو شکست دیدی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے 24 ویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 10 رنز سے شکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے  گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اعظم خان کی دھواں دار بلے بازی کے باوجود پشاور زلمی کی جانب سے دیا گیا 206 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز ہی بنا سکی۔

اسلام آباد کے اعظم خان نے اپنی کیریئر کی ایک شاندار اننگز کھیلی انہوں نے 45 گیندوں پر 85 رنز بنائے جس میں 7 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔

ان کے علاوہ سلامی بیٹر رحمان اللہ گرباز نے بھی 19 گیندوں پر 46 رنز کی ایک جارحانہ اننگز کھیلی۔

پشاور زلمی کے سلمان ارشاد نے تین جب کہ وہاب ریاض نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے پہلے پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

پشاور زلمی کی جانب سے نوجوان بلے باز محمد حارث تباہ کن بیٹنگ کی اور 32 گیندوں پر 5 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 70 رنز بنا ڈالے۔

ان کے علاوہ یاسر خان نے 35، شعیب ملک 38 اور رادر فورڈ 16 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اسلام آباد کی جانب سے فہیم اشرف نے تین جب کہ وقاص مقصود نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم شاداب خان، حسن علی، کولن منرو، ایلکس ہیلز، محمد اخلاق اور زیشان ضمیر کی خدمات سے محروم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں