پی ایس ایل 7، کس ٹیم نے کون سے کھلاڑی برقرار رکھے؟

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) سیون کیلئے فرنچائزز کی جانب سے برقرار رکھے گئے کھلاڑیوں کی فہرست کا اعلان کردیا گیا ہے۔

پی ایس ایل 2022 کے ڈرافٹ سے قبل کھلاڑیوں کو ٹیم میں برقرار، ٹریڈ اور ریلیز کرنے کی ونڈو آج دوپہر بند ہو گئی۔ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سوا بقیہ تمام فرنچائزوں نے اپنے آٹھ، آٹھ کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں برقرار رکھا ہے۔ان دونوں فرنچائز نے اپنے سکواڈ میں سات، سات کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے۔دوسرے مرحلے میں اب ڈرافٹنگ ہوگی جس کے ذریعے ٹیمیں اپنی کھلاڑی منتخب کریں گی۔

پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے لیے ڈرافٹ 12 دسمبر کو ہوں گے اور 32 ممالک سے 425 کھلاڑی اس عمل کا حصہ ہوں گے۔ڈرافٹ کے دوران سب سے پہلے لاہور قلندرز کھلاڑی کا انتخاب کرے گی جس کے بعد ملتان سلطانز، کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی اور پھر سب سے آخر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا نمبر آئے گا۔

ہر ٹیم اپنی فرنچائز میں 18 کھلاڑیوں شامل کر سکتی ہے جس میں پلاٹینم، ڈائمنڈ اور گولڈ کیٹیگری میں تین، سلور کیٹیگری میں پانچ، دو ایمرجنگ کھلاڑی اور دو کھلاڑیوں کو سپلیمنٹری کیٹیگری کا حصہ بنا سکیں گے۔

ملتان سلطانز نے جن 7 کھلاڑیوں کوسکواڈ میں برقرار رکھا ہے ان میں پلاٹینم کیٹیگری میں کپتان محمد رضوان اور رائلی راسو، ڈائمنڈ کیٹیگری میں عمران طاہر اور صہیب مقصود، ڈائمنڈ میں خوشدل شاہ، شاہنواز دھانی، شان مسعود شامل ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے چار کھلاڑیوں کو 2021 کے ایڈیشن سے برقرار رکھا ہے جبکہ تین کھلاڑیوں کی دیگر ٹیموں سے ٹریڈ کی ہے۔گلیڈی ایٹرز کی جانب سے برقرار رکھے گئے کھلاڑیوں میں پلاٹینم کیٹیگری کے سرفراز احمد، ڈائمنڈ سے محمد نواز، محمد حسنین، نسیم شاہ شامل ہیں، اس کے علاوہ پلاٹینم کیٹیگری کے جیمز ونس، ڈائمنڈ میں افتخار احمد اور گولڈ سے شاہد آفریدی کو دیگر ٹیموں سے ٹریڈ کر کے ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

کراچی کنگز نے کپتان اور عالمی نمبر ایک بلے باز بابر اعظم کو پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار رکھا ہے، اس کے علاوہ سابق کپتان عماد وسیم، محمد عامر کو ڈائمنڈ، جو کلارک، شرجیل خان اور عامر یامین کو گولڈ جبکہ محمد الیاس کو سلور کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ آصف علی اور حسن علی کو پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار رکھا ہے جبکہ فہیم اشرف اور شاداب خان کو ڈائمنڈ، ایلکس ہیلز، اعظم خان اور محمد وسیم جونیئر کو گولڈ جبکہ پال اسٹرلنگ کو سلور کیٹیگری میں موجود ہیں۔

پشاور زلمی نے لیام لیونگسٹن اور وہاب ریاض کو پلاٹینم، حیدر علی، شرفین ردرفورڈ اور شعیب ملک ڈائمنڈ، حسین طلعت اور ثاقب محمد گولڈ اور ٹام کوہلر کیڈمور کو سلور کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔

لاہور قلندرز نے افغان اسپنر راشد خان اور شاہین شاہ آفریدی کو پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار رکھا ہے، حارث رؤف، ڈیوڈ ویزے اور محمد حفیظ کو ڈائمنڈ جبکہ سہیل اختر، ذیشان اشرف اور احمد دانیال سلور کیٹیگری میں برقرار رکھا گیا ہے۔

ڈرافٹ میں پلاٹینم کیٹیگری میں دستیاب بین الاقوامی کھلاڑیوں میں ڈیوڈ ملر، کرس گیل ، کرس جورڈن، جیسن روئے، ٹائمل ملز، ٹام بینٹن، کولن انگرام، شیمرون ہٹمائر، کولن منرو، تھسارا پریرا، کارلوس بریتھ ویٹ، ڈیوڈ ولی، ایسورو یوڈانا، سندیپ لیمی چین، تبریز شمسی، مرچینٹ ڈی لانگے شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں