پی ایس ایل کی لائیو اسٹریمنگ:بولی میں 175 فیصد اضافہ

دراز نے پاکستان سپر لیگ کے سیزن 2022 اور 2023 کی لائیو اسٹریمنگ کے حقوق کے لیے سب سے زیادہ بولی لگادی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق دراز نے لیگ کی لائیو اسٹریمنگ کے حقوق کی خریداری کے لئےگزشتہ سائیکل کے مقابلے میں 175 فیصد زائد قیمت کی بولی لگائی ہے۔

اس سے قبل اے آر وائی اور پی ٹی وی کی کنسورشیم بھی پاکستان سپر لیگ کے سیزن 2022 اور 2023 کے نشریاتی حقوق کے لیے گزشتہ سائیکل کے مقابلے میں 50 فیصد زائد قیمت کی بولی لگائی تھی۔

قائمقام چیف ایگزیکٹو آفیسر پی سی بی سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی لائیو اسٹریمنگ کے حقوق کی بڈ میں اضافے سے لیگ کی مقبولیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے ڈیجیٹل دور میں لائیو اسٹریمنگ کھیلوں کی ترقی اور فروغ میں ایک اہم کردار ادا کررہا ہے اور انہیں یقین ہے کہ لیگ کے آئندہ دو ایڈیشنز ایکشن سے بھرپور ہوں گے جس سے شائقینِ کرکٹ کی ایک بڑی تعداد محظوظ ہوگی اور وہ اس اعتماد پر دراز کے مشکور ہیں.

چیف ایگزیکٹو آفیسر دراز عمار حسن کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے لیے لائیو اسٹریمنگ کے حقوق کے حصول کے لیے سب سے بڑی پیشکش کرنے پر فخر ہے۔ دراز پاکستان کا نمبر ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم بننا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ حقوق مل گئے تو پورا پاکستان دراز ایپ پر ان میچز کو مفت اسٹریم کر سکے گا اور 20 ملین سے زیادہ پروڈکٹس پر شاندار قیمتوں سے لطف اندوز بھی ہوسکے گا۔ پاکستان سپر لیگ پاکستان کرکٹ کا فلیگ شپ برانڈ ہے اور ہم اس کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز 27 جنوری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم سے ہوگا.

اپنا تبصرہ بھیجیں