پیپلز پارٹی کے سیاسی ایڈمنسٹریٹر سے اچھے کی امید نہیں کی جاسکتی، شہر کے مسائل کا واحد حل بلدیاتی انتخابات میں ہے۔خرم شیر زمان
9ہزار سے بھی کم ووٹ لے کر رجیکٹ ہونے والے شخص کو سلیکٹ کر کے 3 کروڑ سے زائد آبادی والا شہر دیدیا گیاہے۔خرم شیر زمان
سندھ حکومت بتائے کہ مرتضیٰ وہاب بااختیار ایڈمنسٹریٹر ہیں یا بے اختیار؟خرم شیر زمان
کراچی (09اگست، پیر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سند ھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ جیالے ایڈمنسٹریٹر کی بلدیہ عظمیٰ میں انٹری بلدیہ کے ملازمین پر قہر بن کر ٹوٹی ہے۔ سندھ حکومت کے جیالے نے بلدیہ میں اپنے جیالوں کی ٹیم بنانا شروع کردی ہے۔ مرتضیٰ وہاب سیاسی بھرتیوں کیلئے محکمے میں اکھاڑ پچھاڑ کررہے ہیں۔ پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ 9ہزار سے بھی کم ووٹ لے کر رجیکٹ ہونے والے شخص کو سلیکٹ کر کے 3 کروڑ سے زائد آبادی والا شہر دیدیا گیاہے۔ اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبائی حکومت مکمل طور پر با اختیار ہے کہ وہ شہر کا بلدیاتی نظام بہتر بنائے۔
جب صوبائی حکومت با اختیار ہے تو سیاسی شخص کو ایڈمنسٹریٹر بنانے کا کیا مقصد ہے؟ سابقہ میئر کو اختیارات نہ دے کر پیپلز پارٹی نے پہلے بھی کراچی دشمنی کا ثبوت دیا تھا۔ اب سندھ حکومت بتائے کہ مرتضیٰ وہاب بااختیار ایڈمنسٹریٹر ہیں یا بے اختیار؟خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی شہر کی تعمیر و ترقی پر توجہ دینے کے بجائے اپنی سیاست میں مصروف ہے۔ شہر کے مسائل کا واحد حل بلدیاتی انتخابات میں ہے۔ پیپلز پارٹی کراچی پر جبری طور پر قابض ہونے کے بجائے بلدیاتی انتخابات کا اعلان کرے۔
پیپلز پارٹی نے کراچی کے بلدیاتی مسائل کو مزید بڑھانے کیلئے تمام تجربے کرلیے۔ پیپلز پارٹی کے سیاسی ایڈمنسٹریٹر سے اچھے کی امید نہیں کی جاسکتی۔ سندھ حکومت کراچی کو لاوارث سمجھنا چھوڑدے۔ سندھ کے سرٹیفائیڈ جعلسازوں کو ایڈمنسٹریٹر کی آرڑ میں پیسہ ہڑپ نہیں کرنے دیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف شہر قائد کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی پر خاموش نہیں رہیں گی۔ اس شہر کے لوگوں نے تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیا ہے، ان کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔