ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کہتے ہیں کہ مہنگائی نے اس وقت عام آدمی کی زندگی مشکل بنادی ہے ۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہر چیز مہنگی ہوئی باالخصوص ادویات کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔لوگ ہم سے سوال کرتے ہیں کیوں مہنگائی بڑھ رہی ہے ، ہر حکومت کے آنے سے مہنگائی بڑھتی ہے ، پیپلز پارٹی اور ن لیگ جواب دیں کبھی ایک فیصد بھی ان کے دور میں کمی ہوئی ہے۔
خواجہ اظہار الحسن نے یہ بھی کہا کہ کراچی سمیت پورے سندھ میں ڈھائی ڈھائی ہزار میں جعلی ڈومیسائل بننے کی روک تھام ہوئی ہے ، حکومت کیلئے باعث شرم ہے جبکہ حکومت نے تسلیم کیا کہ جعلی ڈومیسائل بن رہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ عدالت کی وجہ سے جعلی ڈومیسائل رکے ہیں۔
خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ آج تک جعلی ڈومیسائل پر کوئی مقدمہ نہیں بنا ، پانچ سو نیب زدہ کرپٹ افسران عہدوں پر براجمان ہیں ، کرپٹ افسران کو بھی کام سے پکڑ کر نکالنے کا وقت آگیا ہے۔خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ان کو عدالت کے ذریعے سے ہی نکالا جائے گا ، یہ کرپٹ افسران حکومت کے چمچے ہیں۔