پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سبسڈی میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سبسڈی میں کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سبسڈی میں کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر سبسڈی 47 روپے 2 پیسے سے کم کرکے 17 روپے 2 پیسے کردی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت کے جانب سے پہلے فی لیٹر ڈیزل پر 86 روپے 71 پیسے سبسڈی دی جارہی تھی جس کو کم کرکے 56 روپے 71 پیسے کردیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں مٹی کے تیل پر سبسڈی 51 روپے 83 پیسے فی لیٹر تھی جس کو کم کرکے 21 روپے 83 پیسے کردیا ہے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل پر 67 روپے 84 پیسے فی لیٹر سبسڈی کو کم کرکے 37 روپے 84 پیسے فی لیٹر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا تھا جس کا اطلاق رات 12 بجے سے کردیا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 179.86 روپے، ڈیزل 174.15 روپے، کیروسین آئل 155.56 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل 148.31 روپے فی لیٹر کا ہوگیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں