چترال: سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے 65 زیر تعلیم بچوں میں عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد محکمہ صحت نے متاثرہ اسکولوں میں لاک ڈاؤن لگانے کی سفارش کردی ہے۔
اس ضمن میں چترال کے ضلعی صحت افسر کا کہنا ہے کہ کل 8 اسکولوں کے 65 بچوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 8 میں سے چار اسکول سرکاری ہیں اور چار نجی ہیں۔
صوبہ خیبر پختونخوا حکومت نے اعلان کیا ہے کہ صوبے کے نجی اسکولوں میں ویکسین نہ لگوانے والے اساتذہ اور عملے کو تعلیمی اداروں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اس سلسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ ایسے اساتذہ اور عملے کو ڈیوٹی سے غیر حاضر تسلیم کیا جائے گا۔
صوبائی ڈائریکٹوریٹ برائے ایلمنٹی اینڈ سیکنڈری تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق یہ احکامات محکمے کے دیگر ملازمین پر بھی لاگو ہوں گے۔
خیبر پختونخوا میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 584 نئے کیسز اور 20 اموات سامنے آئیں۔
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 62 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ مزید 84 افراد وبا سے انتقال کر گئے ہیں۔