سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر ہیڈ آفس لاہور میں پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام کیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر ایس این جی پی ایل علی جے ہمدانی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اپنے خطاب میں ایم ڈی ایس این جی پی ایل نے ملازمین پر زور دیا کہ وہ ملک کی بہتری اور کمپنی کی ترقی کے لیے متحدہو کر کام کریں۔ ایم ڈی نے پاکستان کی آزادی کے لیے قائد اعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال کے کردار کی تعریف کی اور تعلیم کے میدان میں سر سید احمد خان کی خدما ت کو سراہا جو کسی بھی ملک کی ترقی کی اصل بنیاد ہے۔
ایم ڈی نے یہ بھی کہا کہ کمپنی نے گزشتہ مالی سال میں 5998 ملین کا منافع کمایا اور امید ہے کہ موجودہ مالی سال میں بہتر نتائج دکھائے گی۔ انہوں نے بہتر نتائج کے لیے ایس این جی پی ایل انتظامیہ کے اقدامات کی حمایت کرنے پر چیئرپرسن مس روحی رئیس خان (بورڈ آف ڈائریکٹرز) اور دیگر بورڈ ممبران کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ایم ڈی نے کمپنی کی ترقی کے لیے ایس این جی پی ایل کی خواتین ملازمین کے مساوی کردار پر زور دیا۔
ایم ڈی نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، اس لیے حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام کی باہمی کوششوں سے پاکستان جلد ہی اس صورتحال سے فاتح بن کر ابھرے گا۔ بعد ازاں ایم ڈی ایس این جی پی ایل علی جے ہمدانی نے پودا بھی لگایا۔ تقریب میں کمپنی کی سینئر مینجمنٹ اور ملازمین نے بھی شرکت کی۔