پاکستان کسٹمز، فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹی آئی آر کنونشن کے تحت روس کو برآمد کئے جانے والے سفید چونسہ آموں کی پہلی کنسائینمنٹ کو پراسیس کر دیا ہے۔ اس کنسائینمنٹ کے برآمد کنندہ اشفاق اینڈ کمپنی اوکاڑہ ، ساہیوال ہیں۔
ایف بی آر نے کہا ہے کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ تازہ مقامی طور پر تیار کردہ پھل اور اشیاء روس کو برآمد کئے جارہے ہیں۔ اس اقدام سے پاکستان تاجروں کو موقع میسر آئے گا کہ وہ روس اور یورپ کی منڈیوں میں زمینی راستے کے ذریعے اشیاء کو برآمد کر سکیں۔
کنسائینمنٹ تفتان ،میر جاوا ایران بارڈر براستہ تہران ،استارا (آذر بائیجان) استرا خان (روس) روٹ کے ذریعے روس بھیجا جائے گا۔ اس روٹ کے ذریعے تفتان سے روس تک کا فاصلہ 4600 کلو میٹر بنتاہے جو کہ سات دنوں میں مکمل ہو گا۔ ٹی آئی آر ٹرانسپورٹیشن اس روٹ کو کنو کی برآمد کے لئے کھولے گا جس کے ذریعے دس دنوں میں کنو روس بھیجے جا سکیں گے جبکہ کراچی سے پیٹرس برگ کے سمندری سفر کے ذریعے فاصلہ 35 دنوں میں مکمل ہوتا تھا۔ فاصلے کی کمی سے روس اور یورپ میں کنو کی برآمد بڑھے گی۔