امریکی سینیٹر کرس وان ہولن کانگریس میں افغانستان سے متعلق پیش بل پر پاکستان کی حمایت میں سامنے آ گئے۔
پاکستانی امریکن ڈیموکریٹ طاہر جاوید سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر کرس وان ہولن نے کانگریس میں پیش کردہ بل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی سینیٹر بل پیش کر سکتا ہے، اس کا یہ مطلب نہیں کہ بل قانونی حیثیت اختیار کرلے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پرانگلیاں نہ اٹھائی جائیں، ان 20 سینیٹرز کو سابق صدر ٹرمپ پر تنقید کرنی چاہیے جو پاکستان اور اشرف غنی حکومت سے قیدی رہا کروا کے طالبان کو اقتدار میں لائے اور دوحہ معاہدے میں افغان فورسز پر حملے روکنا تک شامل نہ کروایا۔
ڈیموکریٹ رہنما طاہر جاوید کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کبھی عالمی مفادات کے خلاف کام نہیں کیا، پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں، بین الاقوامی امن کے لیے پاکستان کی قربانیوں کو سراہا جانا چاہیے۔