گیانا: پاکستان ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو 4 ٹی ٹوئینٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں 7 رنز سے شکست دیکر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
گیانا میں کھیلے جارہے اس میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان کیرون پولاڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دینے کا فیصلہ پولارڈ کے لیے بہترین ثابت ہوا اور اس نے مہمان ٹیم کو صرف 157 رنز پر ہی محدود کردیا۔
قومی ٹیم کی طرف سے کپتان بابر اعظم نے 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ وکٹ کیپر محمد رضوان 46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ان کے علاوہ شرجیل خان 20 اور فخر زمان کے 15 رنز کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکا۔
پاکستان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 157 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 4 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بناسکی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے نکولس پورن نے 62 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ آیون لوئس 35 رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے جبکہ دیگر بلے بازوں میں کرس گیل 16 اور کپتان کیرون پولارڈ نے 13 رنز کی اننگز کھیلی۔
تاہم گرین شرٹس کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا گیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 اوورز میں صرف 6 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی جبکہ حسن علی، شاہین آفریدی اور وسیم جونیئر کے حصے میں بھی ایک ایک وکٹ آئی۔
عمدہ بولنگ پرفارمنس پر محمد حفیظ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
سیریز کا اگلا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی کل بروز اتوار یکم اگست کو گیانا میں ہی کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگا۔