پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے دن بھی مندی کے بادل چھائے رہے اور کے ایس ای 100 انڈیکس 46800 پوائنٹس سے گھٹ کر46700پوائنٹس کی سطح پر آگیا جبکہ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 24ارب روپے ڈوب گئے،کاروباری مندی کے سبب 63.51فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدھ کو کاروبار کا آغاز مثبت ہوا ،ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس46950پوائنٹس کی سطح پر جا پہنچا تاہم نئی سرمایہ کاری نہ ہونے اور فروخت کے دباؤ کے سبب انڈیکس کی الٹی گنتی شروع ہو گئی جس کی وجہ سے مارکیٹ منفی زون میں بند ہوئی ۔ پاکستا ن سٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای 100انڈیکس میں174.62پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس46891.34پوائنٹس سے کم ہو کر46716.72پوائنٹس ہو گیا ،اسی طرح43.13پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30انڈیکس18602.86پوائنٹس سے کم ہو کر18559.73پوائنٹس پر آگیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس32151.56پوائنٹس سے گھٹ کر32058.99پوائنٹس پر بند ہوا ۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدھ کو مجموعی طور پر518کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے161کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،329میں کمی اور28کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے ٹی پی ایل کارپوریشن لمیٹڈ 2کروڑ96لاکھ ،ٹیلی کارڈ لمیٹڈ 2کروڑ 82 لاکھ ،بائیکو پیٹرولیم 2 کروڑ 32 لاکھ ، سروس فیبرک 2کروڑ28لاکھ اور ورلڈ کال ٹیلی کام ایک کروڑ69لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔
قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے اللہ وسایا کے بھاؤ میں116.84روپے کا اضافہ ریکارڈکیا گیا جس سے اسکے حصص کی قیمت بڑھ کر1674.93روپے ہو گئی، اسی طرح28.00روپے کے اضافے سے وائتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت1678.00روپے ہو گئی جبکہ بہنیرو ٹیکسٹائل کے بھاؤ میں 50.00 روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے اسکے حصص کی قیمت گھٹ کر1020.00روپے ہو گئی اسی طرح5451روپے کی کمی سے نیلسے پاکستان کے حصص کی قیمت کم ہو کر6100.50روپے پر آ گئی ۔