ٹک ٹاک پی ایس ایل 7 کے آفیشل ترانے کو اسپانسر کرے گا

مختصر دورانیے کی ویڈیوز بنانے اور شیئر کرنے والا عالمی پلیٹ فارم، ٹک ٹاک پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے آفیشل ترانے کو اسپانسر کرے گا۔

پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم اور گلوکارہ آئمہ بیگ پی ایس ایل 7 کے آفیشل ترانے میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گے جبکہ عبداللہ صدیقی نے اس ترانے کو کمپوز کیا ہے۔

اس شراکت داری کے تحت ٹک ٹاک وہ پہلا ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہوگا جہاں پی ایس ایل 7 کا یہ آفیشل ترانہ سب سے پہلے لانچ کیا جائے گا۔

یہ ترانہ پی ایس ایل 7 کے انعقاد پر شائقین کرکٹ کے جوش و جذبہ کی عکاسی کرتا ہے جو پاکستان سمیت دنیا بھر کو درپیش کووڈ 19 کی اس غیرمعمولی صورتحال کے دوران شائقینِ کرکٹ کے لیے تفریح کا باعث بنے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی ہمیشہ سے ایک الگ فین بیس رہی ہے، پی ایس ایل کے معیاری ترانوں کو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں خوب پذیرائی ملتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شائقین اس سال عاطف اسلم اور آئمہ بیگ کی جوڑی کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں، اس ترانے کو اسپانسر کرنے پر ٹک ٹاک کے مشکور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل نے حال ہی میں ٹک ٹاک کے ساتھ شراکت داری کا دو سالہ معاہدہ کیا تھا جس سے یہ تعلق مزید مضبوط ہوگا۔

پاکستان، مشرقِ وسطیٰ، ترکی اور افریقہ میں ٹک ٹاک کے ہیڈ آف برانڈ مارکیٹنگ پاؤل کاترب کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے آفیشل ترانے کو اسپانسر کرنے پر بہت خوش ہیں۔ ٹک ٹاک پاکستان میں موجود کرکٹ کے مداحوں کا گھر بنتا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 7 کی آن لائن ٹکٹس کرکٹ ڈاٹ بک می ڈاٹ پی کے اورایم اینڈ پی اسٹورز سے خریدی جاسکتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں