ٹوئٹر نے کورونا کی غلط معلومات پر مارجوری ٹیلر کا اکاؤنٹ معطل کردیا

ٹوئٹر نے کورونا وائرس کی غلط معلومات دینے اور اپنے قوانین کی بار بار خلاف ورزی کرنے پر امریکی کانگریس کی خاتون رکن مارجوری ٹیلر گرین کا ذاتی اکاؤنٹ معطل کر دیا۔

مارجوری ٹیلر کیخلاف کارروائی ٹوئٹر کے اسٹرائیک سسٹم کے تحت کی گئی، جو وائرس کے بارے میں فیک نیوز یا غلط معلومات دے رہی تھیں۔

ٹوئٹر نے اس سے قبل مارجوری ٹیلر کو 4 بار معطل کیا تھا جبکہ اکاؤنٹ معطل ہونے کے رد عمل میں مارجوری ٹلیر نے کہا کہ پابندی سے ثابت ہوا کہ ٹوئٹر “امریکہ کی دشمن” ہے۔

مارجوری نے ٹیلی گرام پر پوسٹ کئے گئے ایک طویل بیان میں کہا کہ ٹوئٹر پلیٹ فارم سچائی کو دور دور تک پھیلانے سے نہیں روک سکتا اور ٹویٹر پر “کمیونسٹ انقلاب” میں نامعلوم دشمنوں کی مدد کرنے کا الزام بھی لگا لیا۔

کانگریس کی خاتون پر پابندی اس وقت لگائی گئی جب اس نے ہفتے کے روز امریکہ میں کووڈ ویکسین سے ہونے والی اموات کی انتہائی زیادہ تعداد کے بارے میں ٹویٹ کی تھی۔

بی بی سی کو جاری کردہ ایک بیان میں ٹوئٹر کے ترجمان نے کہا کہ مارجوری ٹیلر گرین پر کورونا وائرس کی غلط معلومات کی پالیسی کی “بار بار” خلاف ورزیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے، جو مستقل پابندی جاری کرنے سے پہلے پلیٹ فارم سے مختلف معطلی کے ساتھ چار “سٹرائیکس” کی اجازت دیتی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہم واضح کر چکے ہیں کہ ہمارے اسٹرائیک سسٹم کے مطابق پالیسی کی بار بار خلاف ورزیوں پر اکاؤنٹس کو مستقل طور پر معطل کر دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں