وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ اب تک ٹیکے لگائے گئے طلباء کی تعداد 5.5 ملین سے تجاوز کر چکی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں بتایا کہ الحمدللہ 12 سے 18 سال کی عمر کے آدھے سے زیادہ طلباء کو کم از کم 1 خوراک کے ٹیکے لگائے گئے ہیں۔
Alhamdulillah more than half the students between the ages of 12 and 18 have been vaccinated with at least 1 dose. Total students vaccinated so far exceeds 5.5 million. GB leads the way with 68% and Punjab is second with 62%.
— Asad Umar (@Asad_Umar) November 11, 2021
اسد عمر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں مزید بتایا کہ جی بی 68 فیصد کے ساتھ پہلے اور پنجاب 62 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
اس سے قبل نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں کورونا کی موجودہ صورتحال پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کورونا پابندیوں پر عمل درآمد کرنے پر شہریوں کی تعریف کی اور فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کو خراج تحسین و عقیدت پیش کیا۔
این سی اوسی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈکس نے زندگیاں داؤپرلگاکرڈیوٹی کی، کورونا کے دوران فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز نے بے شمار انسانی زندگیاں بچائیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 0.94 فیصد ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) کے جاری کردہ اعداد و شمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 400 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 11 افراد انتقال کر گئے ہیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 28558 ہو گئی اور مجموعی کیسز 12 لاکھ 77 ہزار 560 تک جا پہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 22845 ہے۔
این سی اوسی کے مطابق 24 گھنٹوں کےدوران42 ہزار 373 کورونا ٹیسٹ کیےگئے۔
اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 277 مریض کورونا سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں، جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 12 لاکھ 26 ہزار 157 ہو گئی ہے۔