وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں کا افغانستان میں تیزی سے بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ٹیلیفونک رابطے کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ مقاصد کو فروغ دینے کے لیے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ کو افغانستان کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا جبکہ وزیر خارجہ نے افغان مسئلے کے سیاسی اور بات چیت کے ذریعے حل پر بھی زور دیا۔
شاہ محمود قریشی نے امریکی اسٹیٹ سیکرٹری کو بین الاقوامی تنظیموں اور میڈیا نمائندوں کے انخلا میں سہولت فراہم کرنے کی پاکستان کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ امریکی اقتصادی روابط جاری رکھنا بھی اہمیت کا حامل ہے، پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے امریکہ اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ رابطے جاری رہیں گے۔