وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کے کام کو جلد شروع کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چیئرمین سی پیک خالد منصور سے ملاقات کی جس میں مراد علی شاہ نے سندھ کے پروجیکٹس کے حوالے سے بات چیت کی۔
ملاقات میں صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ، وزیراعلیٰ سندھ کے سرمایہ کاری پر معاون خصوصی قاسم نوید ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری ساجد جمال ، سیکرٹری انویسٹمنٹ زاہد عباسی اور سیکرٹری توانائی طارق شاہ نے شرکت کی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ تھربلاک 6 کے لیے وفاقی حکومت کوئلے سے لیکویڈ ، کوئلے سے گیس اور کوئلے سے کھاد کی پالیسی بنائے ، تھر کول فیلڈ میں اسلام کوٹ سے چھوڑ تک 105 کلو میٹر ریلوے لائن بچھانے کے کام کو اولیت دی جائے ، اس ریلوے لائن کے ذریعے تھر سے ملک کے دیگر حصوں میں کوئلے کی ٹرانسپورٹ میں آسانی ہوگی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ریلوے پروجیکٹ کی تعمیر 160 ملین ڈالر سے ہوگی اور ریل گاڑیاں خریدنے پر 127 ملین ڈالر خرچہ آئے گا ، چھوڑ سے میرپورخاص ، حیدرآباد اور پورٹ قاسم تک موجودہ ریلوے لائن کو بھی اپ گریڈ کیاجائے۔