وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی اہلیہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر وزیراعلیٰ پنجاب کی اہلیہ نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی اہلیہ کی طبعیت بہتر ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر اہلخانہ کے ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔
اس سے پہلے بھی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور ان کے اہلخانہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
گزشتہ روز چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا ان کی ملاقات وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ اکثر رہتی ہے۔
چیف سیکرٹری پنجاب کا کورونا مثبت آنے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کا ٹیسٹ بھی کیا گیا تھا جو منفی آیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے دو قریبی افراد کا کورنا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد حکام نے عثمان بزدار کو خصوصی احتیاط کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ کے ساتھ سفر کرنے والے تمام افراد کے بھی کورونا ٹیسٹ کروائے جائیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کوروناوائرس کے باعث مزید 79 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ملک بھرمیں کورونا کے باعث اموات کی مجموعی تعداد 24 ہزار 266 ہو گئی۔این سی او سی کی جانب سے جاری تازہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار 619 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں کوروناکے مجموعی کیسز کی تعداد 10 لاکھ 89 ہزار 913 ہو گئی۔