وزیراعظم عمران خان نے رحیم یار خان میں مندر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے مندر کی دوبارہ تعمیر کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ حکومت مندر کی دوبارہ تعمیر کرے گی۔ عمران خان نے کہا کہ آئی جی پنجاب کو تمام ملزمان کو گرفتار کرنے کے احکامات دے رکھے ہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے پولیس کی جانب سے کسی بھی قسم کی غفلت کے خلاف کارروائی کی جائے۔
میں رحیم یار خان میں بھونگ کے مقام پر واقع گھنیش مندر پر کل کے حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ میں پہلے ہی آئی جی پنجاب کو ذمہ داروں کی گرفتاری یقینی بنانے اور پولیس کیجانب سے کسی غفلت پرسخت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایات دے چکا ہوں۔ حکومت مندر بھی بحال کرے گی۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) August 5, 2021
واضح رہے چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد نے رحیم یار خان میں مندر پر حملے کے واقعہ کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے کیس کل بروز جمعہ کو سماعت کیلئے مقرر کر لیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب کو تحریری رپورٹ کے ہمراہ پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ پیٹرن ان چیف ہندو کونسل اور اقلیتی رہنما رمیش کمار کوبھی طلب کیا گیا ہے ۔