اسلام آباد :وزیر اعظم عمران خان رواں ماہ دوبارہ کراچی کا دورہ کریں گے ،وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی میں شروع کیے گئے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔وزیراعظم عمران خان 11 ستمبر کو کراچی پہنچیں گے،وزیر اعظم عمران خان اپنے دورے کے دوران گورنر سندھ اور دیگر پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو شہر میں قیام کے دوران کراچی سرکلر ریلوے اور دیگر جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ ماہ بھی کراچی کا دورہ کیا تھا، وزیر اعظم عمران خان نے کراچی شپ یارڈ میں شپ لفٹر اینڈ ٹرانسفر سسٹم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی تھی، تقریب میں وفاقی وزراء اعظم سواتی، اسد عمر، گورنر سندھ عمران اسماعیل، معاونِ خصوصی محمود مولوی اور دیگر شریک ہوئے تھے۔
وزیر اعظم عمران خان کاکہنا ہے کہ کراچی کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی، سیوریج اور ٹرانسپورٹ کے حوالے سے مسائل درپیش ہیں۔ بدقسمتی سے ماضی میں ان مسائل کے مستقل بنیادوں پر حل کو نظر انداز کیا جاتا رہا۔ان کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں نے کراچی کے عوام کو مسائل سے دوچار کیا جس کا وفاقی حکومت کو مکمل ادراک ہے،کراچی کے مسائل کی سب سے بڑی وجہ انتظامی اختیارات کا منقسم ہونا رہا ہے۔