وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایکسپو کے دوران پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے بیش بہا مواقع کو اجاگر کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت دبئی میں منعقد ہونے والے ایکسپو میں پاکستان کی شرکت اور اس حوالے سے کی جانے والی تیاریوں پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے شرکت کی۔
وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس بین الاقوامی ایکسپو میں پاکستان کی بھرپور شرکت سے بین الاقوامی برادری کو پاکستان کے مختلف پہلوؤں سے روشناس کرایا جائے گا ، تجارت اور سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھلیں گی۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخواہ اور شمالی علاقہ جات میں آئی ٹی ، مذہبی سیاحت کے فروغ اور ان شعبوں میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے ، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر سمیت تمام صوبوں کی متحرک شمولیت سے ایکسپو کے دوران اہم صوبائی منصوبوں کو اجاگر کیا جائے۔
واضح رہے کہ ایکسپو کا آغاز یکم اکتوبر 2021سے ہوگا جو چھ ماہ مسلسل جاری رہے گا۔