وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کرانے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے آئندہ سال مارچ اپریل میں بلدیاتی الیکشن کروانے کا عندیہ دے دیا ہے، اور وزیراعظم عمران نے بھی پنجاب حکومت کو آئندہ بلدیاتی الیکشن جلد کروانے کا ہدف دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں جلد بلدیاتی الیکشن کی تیاری کی جائے، اور اس حوالے سے پارٹی فعال کردار ادا کرے۔
دوسری جانب پنجاب کے وزیر بلدیات محمود الرشید نے آئندہ سال مارچ اپریل میں الیکشن کی خبر دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم آئندہ سال مارچ اپریل میں انتخابات کے لئے تیار ہیں، الیکشن کمیشن نے جو تیاری کرنی ہے کرلے، ہم مکمل طور پرتیار ہیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب میں آئندہ سال مارچ سے اپریل کے درمیان 2 مراحل میں بلدیاتی الیکشن کرائے جانے کا امکان ہے۔پہلے مرحلے میں الیکشن غیرجماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔ دیہی علاقوں میں ویلج کونسل الیکشن کرائے جائیں گے جبکہ شہری علاقوں میں نیبرہوٹ کونسل الیکشن کرائے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے کے بعد تحصیل مئیر کے الیکشن کرائے جائیں گے، 9 میٹروپولیٹن کارپوریشنز کے مئیر کے جماعتی بنیادوں پر الیکشن کرائے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر سیالکوٹ کو خصوصی طور پر میٹروپولیٹن کارپوریشن کا درجہ دیا گیا ہے۔